فرخ تنویرملک
واشنگٹن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ ویتنام کی جنگ جھوٹ پر مبنی تھی، عراق کی جنگ جھوٹ پر مبنی تھی۔ ایران کی جنگ جھوٹ پر مبنی ہے۔برنی سینڈرز نے یہ تبصرہ پوڈ کاسٹ سی ای او کی ڈائری کے ساتھ ایک انٹرویو میں کیا ۔اپنے اس دعوے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ کی بنیاد جھوٹ ہے، یہ دعوی کہ ایرانی حکومت ہم پر حملہ کرنے کے لیے تیار تھی جھوٹ ہے میرا ماننا ہے کہ نیتن یاہو گذشتہ 40 سالوں سے امریکہ کو ایران کے ساتھ جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں؛ ایران کو غیر مستحکم کرنے اور اسے کمزور کرنے کے لئے ۔دریں اثنا امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ نے کہا ہے کہ وہ کسی ایسے سرکاری فنڈنگ بل کے حق میں ووٹ نہیں دیں گی جس میں ایران کے خلاف جاری امریکی جنگ کے لیے مختص فنڈز ختم نہ کیے گئے ہوں۔انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ کانگریس کو اپنے مالیاتی اختیارات استعمال کرتے ہوئے صدر کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کرنا چاہیے۔ڈک ورتھ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف جنگی اخراجات اور حکومتی فنڈنگ کے معاملے پر واشنگٹن میں بحث جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق دسمبر میں حکومت کی فنڈنگ پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں جزوی حکومتی شٹ ڈائو ن کا خدشہ بھی موجود ہے۔امریکی کانگریس میں بعض ڈیموکریٹ ارکان ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور انتظامیہ پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ جنگی سرگرمیوں کے لیے مزید رقوم مختص نہ کی جائیں