دبئی، 21 ستمبر: بھارت کے کپتان سوریا کمار یادو نے اتوار کو ایشیا کپ کے اپنے میچ سے قبل ٹاس کے وقت پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا سے ایک بار پھر مصافحہ کرنے سے انکار کر دیاجبکہ آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کشیدگی برقرار رہی۔
ایشیا کپ میں زیادہ تر سرخیاں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے پہلے مقابلوں نے ہی حاصل کیں جو کہ رواں برس مئی میں دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان فوجی تصادم کے بعد پہلی بار آمنے سامنے آئے ہیں۔ بھارت نے گزشتہ ہفتے سیاسی طور پر حساس گروپ اے کے میچ میں سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے کھلاڑیوں نے میچ کے بعد پاکستانی حریفوں سے ہاتھ ملانے سے بھی انکار کیا تھا۔
سوریا کمار نے بھارت کی اس فتح کو اپنی مسلح افواج کے نام کیا جبکہ ان کے کئی ساتھی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر بھی اسی نوعیت کے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستان نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ سے دستبرداری پر غور کیا تاکہ میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے خلاف احتجاج کیا جا سکے جن پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے بھارت کے غیر کھیل روح والے رویے کو نظر انداز کیا۔
پاکستان نے بدھ کے روز متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنے میچ میں ایک گھنٹے کی تاخیر کی اور یہ میچ صرف اس وقت کھیلا گیا جب پائیکرافٹ نے معافی مانگی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔ بھارت نے ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سپر فور مرحلے کے میچ میں پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں جگہ بنا چکے ہیں۔ فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔