عبدالجبار
اسلام آباد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ یہ حکومت ڈیلی ویجزپر ہے جب حکم آئے گا کہ آپ فارغ ہیں تو چلے جائیں گے، ملک کے ہر مسئلے کی جڑ عوام کی رائے کا احترام نہ کرنا ہے، اور موجودہ حکومت نہ تو عوام کی رائے سے آئی ہے اور نہ ہی عوام کی رائے سے جائے گی۔ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکومت خطرے میں تو ہے لیکن ان سے بہتر نوکری بھی کوئی نہیں کر سکتا، میں حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں ہوں لیکن یہ نوکری اچھی کر لیتے ہیں۔مسلم لیگ ن اور نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب آئین اور قانون کی بات ہوتی تھی تو میرا تعلق ن لیگ سے تھا، میں کہتا رہا کہ ہم ووٹ کو عزت دو کے ساتھ ہیں، اقتدار کو عزت نہ دیں، جس پر نواز شریف میری باتیں سن کر خاموش ہو جاتے تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر میاں صاحب 8 فروری 2024 کو کہہ دیتے کہ ہم الیکشن ہار گئے ہیں تو آج حالات مختلف اور بہتر ہوتے، ہار تسلیم کرنے سے میاں صاحب کی عزت ہوتی اور جماعت بھی عوام میں مقبول ہوتی۔ملکی سیاسی نظام اور بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ نظام پر محسن نقوی نے کہا کہ یہ نہیں چل رہا، تو میں ان کی اس بات سے اختلاف نہیں کر سکتا۔شاہد خاقان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال نہ لے جانا چھوٹی حرکت ہے، عدالت کا حکم نہ مان کر کیا حاصل کرنا ہے؟ تاہم ایسی حرکتیں بانی پی ٹی آئی خود بھی کرتے رہے ہیں اور انہوں نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، اس لیے اب یہ سارے ہی جائیں گے۔