فرخ تنویرملک
اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان کے زرعی شعبے نے مالی سال 2026 کے دوران نمایاں بحالی کا مظاہرہ کیا اور اس کی شرح نمو گزشتہ سال کے 1.3 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر 3.5 فیصد ہوگئی۔ فصلوں کی بہتر پیداوار اور لائیو اسٹاک کے شعبے کی مضبوط کارکردگی نے سیلاب اور خراب موسمی حالات کے اثرات کم کرنے میں مدد دی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ رپورٹ پاکستان کی معیشت کی صورتحال، سالانہ رپورٹ 2025-26 کے مطابق مالی سال 2026 میں فصلوں کے شعبے کی شرح نمو منفی 0.9 فیصد سے بحال ہوکر 2.8 فیصد ہوگئی جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے کی شرح نمو 2.9 فیصد سے بڑھ کر 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔زرعی شعبے کی مجموعی ترقی میں لائیو اسٹاک کا حصہ سب سے زیادہ رہا جس نے 3.5 فیصد کی مجموعی شرح نمو میں 2.3 فیصد پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ فصلوں کے شعبے کا حصہ 1.0 فیصد پوائنٹ جبکہ جنگلات کے شعبے کا حصہ 0.2 فیصد پوائنٹس رہا۔اہم فصلوں میں گندم کی پیداوار مالی سال 2026 کے دوران 4.4 فیصد اضافے سے 2 کروڑ 97 لاکھ 39 ہزار ٹن ہوگئی جو گزشتہ سال 2 کروڑ 84 لاکھ 77 ہزار ٹن تھی۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ زیرِ کاشت رقبے میں 4.3 فیصد اضافہ تھا جبکہ فی ہیکٹر پیداوار تقریبا برقرار رہی اور 3,142 کلوگرام ریکارڈ کی گئی۔چاول کی پیداوار 2.8 فیصد اضافے سے 99 لاکھ 98 ہزار ٹن ہوگئی جو گزشتہ سال 97 لاکھ 23 ہزار ٹن تھی۔ یہ اضافہ زیرِ کاشت رقبے میں 3.6 فیصد کمی کے باوجود ہوا۔ فی ہیکٹر پیداوار میں 6.7 فیصد اضافے نے مجموعی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا اور یہ 2,660 کلوگرام تک پہنچ گئی۔گنے کی پیداوار میں اس سے بھی زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2026 میں گنے کی پیداوار 6.2 فیصد بڑھ کر 8 کروڑ 94 لاکھ 50 ہزار ٹن ہوگئی جو گزشتہ سال 8 کروڑ 42 لاکھ 38 ہزار ٹن تھی۔ گنے کے زیرِ کاشت رقبے میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ فی ہیکٹر پیداوار 3.7 فیصد بڑھ کر 73,200 کلوگرام ہوگئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق فصلوں کے شعبے کی بحالی کی بڑی وجہ سیلاب کے بعد پانی کی بہتر دستیابی اور زمین میں نمی کی بحالی تھی جس سے فی ہیکٹر پیداوار پر مثبت اثر پڑا۔ گندم کی پیداوار میں اضافے کی بنیادی وجہ زیرِ کاشت رقبے میں توسیع تھی جبکہ چاول کی پیداوار بہتر فی ہیکٹر پیداوار اور گنے کی پیداوار میں رقبے اور فی ہیکٹر پیداوار دونوں میں اضافے سے بڑھی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ بحالی جولائی سے ستمبر 2025 کے دوران آنے والے سیلاب کے باوجود ممکن ہوئی جنہوں نے مختلف علاقوں میں کھڑی فصلوں کو متاثر کیا، تاہم مجموعی زرعی پیداوار پر ان کے اثرات محدود رہے۔بروقت امدادی اور بچا کی کارروائیوں نے مویشیوں کو محفوظ رکھنے اور زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے میں بھی مدد دی جبکہ زرعی قرضوں تک بہتر رسائی نے متاثرہ کسانوں پر مالی دبا کم کیا۔دیگر فصلوں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی اور مالی سال 2026 کے دوران اس ذیلی شعبے کی شرح نمو 4.3 فیصد رہی۔آلو کی پیداوار میں 27.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ سال کے ایک کروڑ ایک ہزار ٹن سے بڑھ کر ایک کروڑ 27 لاکھ 76 ہزار ٹن ہوگئی۔ اس اضافے میں زیرِ کاشت رقبے میں 23.1 فیصد توسیع اور فی ہیکٹر پیداوار میں بہتری نے اہم کردار ادا کیا۔کینولا کی پیداوار میں 23.2 فیصد جبکہ ریپ سیڈ اور سرسوں کی پیداوار میں 15.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔لائیو اسٹاک کے شعبے میں اضافی قدر کی شرح مالی سال کے دوران 3.7 فیصد رہی اور جانوروں کی تمام بڑی اقسام کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔دودھ کی پیداوار 3.2 فیصد بڑھ کر 7 کروڑ 46 لاکھ 89 ہزار ٹن ہوگئی جو گزشتہ سال 7 کروڑ 23 لاکھ 43 ہزار ٹن تھی۔ اسی طرح گوشت کی پیداوار 5.8 فیصد اضافے سے 63 لاکھ 14 ہزار ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال 59 لاکھ 67 ہزار ٹن تھی۔مرغی کے گوشت نے بھی مجموعی پیداوار میں اہم کردار ادا کیا اور ملک کی کل پیداوار میں اس کا حصہ تقریبا 43 فیصد رہا۔رپورٹ کے مطابق اس شعبے کی بہتر کارکردگی میں بیماریوں سے پاک زونز کے قیام، جانوروں کی شناخت اور نگرانی کے نظام، جدید مذبح خانوں، تجارتی بنیادوں پر مویشیوں کی پرورش اور سرد خانوں سے منسلک بہتر ترسیلی سہولتوں جیسے اقدامات کا بھی کردار رہا۔زرعی شعبے کی کارکردگی میں بہتری کے باوجود اسٹیٹ بینک نے پیداوار میں اضافے کی راہ میں حائل کئی مستقل مسائل کی نشاندہی کی ہے جن میں بیج کا ناقص معیار، کھاد کا غیر مثر استعمال، پانی کے استعمال میں عدم کارکردگی اور فرسودہ زرعی طریقے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی، شدید گرمی، بارشوں کی غیر یکساں تقسیم اور بار بار آنے والے سیلاب بھی زرعی پیداوار کے لیے خطرات کا باعث ہیں۔رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ زرعی شعبے کی بلند شرح نمو کو برقرار رکھنے کے لیے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بہتر بنانا ضروری ہوگا۔