عبدالجبار
اسلام آباد۔۔۔ملک بھر میں آج سے اکتیس مئی تک شدید گرمی کی لہر کا امکان ،شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی بڑھ گیا ، بعض علاقوں میں درجہ حرارت چالیس سے اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہوں گے پوٹھوہار اور چند شمالی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے باعث ہلکی بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور دریائی طغیانی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔وسطی اور مشرقی سندھ کے علاقوں جیکب آباد، کمبر شہداد کوٹ، دادو جام شورو، خیرپور، سانگھڑ، عمرکوٹ، سکھر، گوٹکی اور میرپور خاص میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے،مغربی اور مشرقی بلوچستان کے علاقے بشمول چاغی، واشوک، خاران، تربت، ڈیرہ مراد جمالی، استا محمد، سبی، لہری، نصیر آباد اور جعفر آباد شدید گرمی کے لپیٹ میں رہیں گے۔وسطی، شمالی اور مشرقی پنجاب کے علاقے بشمول ملتان،لودھراں، رحیم یار خان، بہاولپور،بہاولنگر، ٹوبہ ٹیک سنگ، جھنگ، مظفرگڑھ، بھکر، لیہ، لاہور، ساہیوال اور قصور میں گرمی کی شدت میں اضافی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمشال، عطاآباد جھیل، کریم آباد، پاسو اور دیگر علاقوں کی رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار ہیں شاہرائے قراقرم، سکردو روڈ اور دیوسائی روڈ پر بھی راستے بند ہونے کا خدشہ موجود ہے۔تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور گلیشیائی جھیلوں کے ٹوٹنے کے باعث درکوٹ، لاشٹ،ریشن، بونی، بد سوات، شسپر، گلگن، ہنارچی، روشن اور کمراٹ کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، ہنزہ، غزر، دیامیر، استور، گھانچے، شگر، چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔