فرخ تنویر ملک
اسلام آباد،پشاور۔۔۔۔۔۔۔۔۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، سوات، گوجرانوالہ، لاہور اور دیگر علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار، بالائی پنجاب، کشمیر، بالائی و وسطی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں بارش جبکہ پوٹھوہار، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، بالخصوص مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب جبکہ کشمیر، مری، گلیات اور اسلام آباد و راولپنڈی کے مقامی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے مختلف علاقوں میں عمارتیں منہدم ہونے اور گھر کی چھت گرنے کے باعث اب تک دو افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔۔