اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے رقوم کی ٹرانزیکشن پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عوام پر زیادتی کے مترادف ہے۔
چیئرمین کونسل علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی زیر صدارت اجلاس میں کئی اہم امور زیر بحث آئے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا جس میں نکاح کے بعد رخصتی سے قبل طلاق کی صورت میں نان و نفقہ کی ادائیگی لازم قرار دی گئی تھی۔ کونسل کے مطابق یہ فیصلہ قرآن و سنت کے منافی ہے۔
مزید برآں، انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے اداروں کے قیام پر غور کرتے ہوئے کونسل نے کہا کہ مخصوص شرائط کے تحت یہ ادارے قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم لازمی قانون سازی اور کونسل کی شمولیت ضروری ہے۔
کونسل نے دیت کے قانون میں مجوزہ ترامیم کی بھی مخالفت کی اور واضح کیا کہ چاندی کو حذف کرنے اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنانے کی تجویز قبول نہیں کی جا سکتی۔ کونسل نے کہا کہ دیت میں سونا، چاندی اور اونٹ سے متعلق شرعی مقداریں قانون کا حصہ رہنی چاہئیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے جاری اعلامیہ میں شوگر کے مریضوں کے لیے حلال اجزا سے تیار کردہ انسولین کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے، تاہم خنزیر کے اجزا پر مشتمل انسولین سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔