عبدالجبار
چیچہ وطنی ۔۔۔۔۔حکومت کی جانب سے ٹیکس میں اضافے کے خلاف انجمن آڑھتیاں چیچہ وطنی کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز غلہ منڈی سے ہوا، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پیلس چوک، المعروف شہر والے پل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔آڑھتی برادری نے حکومت کی جانب سے ٹیکس کی شرح میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ اضافی ٹیکس کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، اس موقع پر رانا محمد اجمل خاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آڑھتیوں پر ٹیکس 2 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنا ظالمانہ اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کاروباری حالات انتہائی مشکل ہیں،ایسے میں ٹیکس میں چار گنا اضافہ آڑھتی برادری کے لیے ناقابل برداشت ہے۔رانا محمد اجمل کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے بھوکے مر جائیں گے، حکومت ہمارے مطالبات تسلیم کرے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے آڑھتی برادری کا مطالبہ تسلیم نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔احتجاج میں شریک آڑھتی برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 8 فیصد اضافی ٹیکس کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔