فرخ تنویرملک
واشنگٹن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے ڈرٹی بم حملے کی اطلاعات مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ امریکاکو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ میڈیا کے بعض انٹیلی جنس ذرائع جھوٹے اور مجرم ہیں، کچھ ذرائع ایسی معلومات گھڑ کر صحافیوں کو دیتے ہیں جن تک ان کی رسائی ہی نہیں ہوتی، بعض افراد آدھی سچی معلومات غیرقانونی طور پر افشا بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کی کوئی مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹ نہیں۔مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اگر ایسی کوئی مصدقہ انٹیلی جنس ہوتی تو وہ خفیہ معلومات کے زمرے میں آتی، حالیہ تکنیکی خرابیوں کو منظم سائبر حملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔قبل ازیں امریکی انٹیلی جنس اداروں نے ایران پر واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کا الزام لگا دیا۔سی این این کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے ایران ٹرمپ انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے، انٹیلی جنس معلومات میں ممکنہ اہداف اور مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی۔امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے حالیہ دنوں میں پیش آنے والی متعدد تکنیکی خرابیوں کے درمیان کسی باہمی تعلق کے تاثر کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ واقعات کسی منظم سائبر حملے یا سازش کا حصہ ہیں۔ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ لوگ ان واقعات کے بارے میں فکرمند ہیں، تاہم امریکی حکومت کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ تمام خرابیاں آپس میں منسلک ہیں یا کسی دشمن ملک یا سائبر حملہ آور کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔ان کے بقول، ہم کسی منظم حملے کی زد میں نہیں ہیں۔ ہر واقعے کی اپنی الگ وجہ ہے اور ان کا ایک دوسرے سے کوئی تعلق نہیں۔امریکی انٹیلی جنس اور سائبر سکیورٹی ماہرین بھی اس موقف سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ زیادہ تر مسائل پرانے ڈیجیٹل نظاموں میں اپ ڈیٹس اور تکنیکی تبدیلیوں کے باعث سامنے آئے ہیں، نہ کہ کسی سائبر حملے کے نتیجے میں۔ماہرین کے مطابق ان واقعات نے ضرور یہ واضح کیا ہے کہ امریکہ کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر ایک دوسرے سے انتہائی جڑا ہوا اور بعض اوقات نازک نوعیت کا ہے، جہاں ایک سافٹ ویئر خرابی یا نیٹ ورک مسئلہ بھی بڑے پیمانے پر خدمات کو متاثر کر سکتا ہے۔