اسلام آباد: ملک بھر میں ایچ پی وی وائرس سے بچاؤ اور سروائیکل کینسر کی روک تھام کے لیے قومی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ مہم 15 سے 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور کشمیر میں جاری رہے گی۔
مہم کے تحت 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، اس ویکسین کے ذریعے ہم اپنی بیٹیوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ہر سال تین ہزار سے زائد خواتین سروائیکل کینسر کے باعث جان کی بازی ہار جاتی ہیں، جبکہ ہر سال گیارہ ہزار مائیں بچوں کی پیدائش کے دوران انتقال کر جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اب تک پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو یہ ویکسین ضرور لگوائیں اور کسی جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ مہم میں ایف ڈی ای سمیت تمام متعلقہ ادارے حصہ لے رہے ہیں، جبکہ علماء کرام بھی اس حوالے سے آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔