برکس ڈیوٹی کے دوران ریلز بنانے والا دہلی پولیس اہلکار معطل

عبدالجبار

نئی دہلی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بھارت میں حالیہ اٹھارویں برکس سربراہی اجلاس کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات دہلی پولیس کے ایک کانسٹیبل کو سرکاری اسلحہ استعمال کرتے ہوئے انسٹاگرام ریلز بنانے اور حساس سکیورٹی مقامات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر معطل کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل دیپک بانگر شمال مغربی دہلی کے فارنرز سیل میں تعینات تھا اور اسے برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر وسطی دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں سکیورٹی کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔ہوٹل میں غیر ملکی مندوبین کی رہائش کے باعث وہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ بانگر کو ہوٹل کی چھت پر اسنائپر کی ڈیوٹی سونپی گئی تھی۔ بعد ازاں پولیس حکام کے علم میں اس کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی دو ویڈیوز آئیں، جن میں اسے سرکاری اسلحے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ایک ویڈیو میں بانگر سادہ لباس میں برکس سربراہی اجلاس 2026 کا شناختی کارڈ پہنے سرکاری پستول تھامے نظر آتا ہے۔ویڈیو میں ہوٹل کے اطراف کا علاقہ بھی دکھائی دیتا ہے۔ دوسری ویڈیو میں وہ اسنائپر رائفل کی دوربین سے اطراف کا جائزہ لیتا دکھائی دیتا ہے، جبکہ پس منظر میں قریبی وی وی آئی پی عمارتیں بھی نمایاں ہیں۔ دونوں ویڈیوز اس کے انسٹاگرام اکائونٹ @jaat.bangar.0143 سے پوسٹ کی گئی تھیں، تاہم بعد میں اکانٹ بلاک کر دیا گیا۔ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد دہلی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بانگر کو برکس سکیورٹی ڈیوٹی سے ہٹا کر معطل کر دیا اور اسے آبائی ضلع واپس بھیج دیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ معاملے کو تادیبی غفلت کے طور پر سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ افسر کے مطابق محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ویڈیوز کن حالات میں بنائی اور اپ لوڈ کی گئیں۔ پولیس حکام کے مطابق انکوائری کی روشنی میں قواعد کے تحت مزید تادیبی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ حساس سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے سے سکیورٹی انتظامات اور حساس مقامات سے متعلق معلومات کے افشا ہونے کے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x