نثاراحمد
نیویارک ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنمائوں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں جاری ہیں۔ کویت کے ولی عہد، آسٹریا کے چانسلر، صومالیہ اور کینیا کے صدور سے ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیراعظم اور گیٹس فانڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس کی بھی ملاقات ہوئی ۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ شہبازشریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات میں تجارت، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے انسانی وسائل کی ترقی اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کی۔ امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے گیٹس فائونڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نیپولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت سمیت مختلف شعبوں میں فائونڈیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔