نثاراحمد
راولپنڈی ۔۔۔۔۔۔چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم اور ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو پاک افغان بارڈر منیجمنٹ اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور سرحدی انتظام پر بھی بریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو صوبے میں فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا، فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہروقت چوکس اور آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔ کہا ملک اور عوام کے تحفظ کیلئے افسرون اور جوانوں کا عزم و حوصلہ لائق تحسین ہے۔آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ فیلڈ مارشل نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔