فرخ تنویرملک
لاہور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ آئین میں تبدیلی کا حق سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے لیکن حکومت ریفرنڈم کے ذریعے چور دروازے سے آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہے، اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ 58 ٹو بی دوبارہ بحال کرنے جا رہے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماں چودھری منظور اور ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے صوبائی خودمختاری، میڈیا اور عدلیہ کی آزادی، علاقائی صورتحال، صوبوں کے معاملے اور دیگر معاملات پر بات کی کی لیکن صرف ایک معاملہ ہے جس پر سب سے زیادہ بحث ہو رہی ہے۔چودھری منظور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایک سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر عوام خود بول پڑیں تو نمائندے کی حیثیت ختم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فرض کر لیا جائے کہ عوام ریفرنڈم پر اپنی رائے دیں تو کیا اس رائے کو آئین کے اندر تبدیلی تصویر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کا ایک طریقہ کار موجود ہے، آئین میں تبدیلی کا حق سینیٹ اور قومی اسمبلی کے پاس ہے، آرٹیکل 239 کے علاوہ کوئی آرٹیکل دکھا دیں جس میں صوبائی اسمبلی کو ویٹو کا اختیار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین ایک چار دیواری ہے جس میں داخل ہونے یا باہر جانے کا راستہ نہیں ہے، کیا آپ ریفرنڈم کے ذریعے ایک چور دروزاے سے آئین کی دیوار کو توڑ کر اندر داخل ہونا چاہتے ہیں، اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ 58 ٹو بی دوبارہ بحال کرنے جا رہے ہیں۔رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 239 میں طریقہ کار موجود ہے کہ کس طرح بنیں گے یا نہیں بنیں گے، اس کے لیے پہلے قومی اسمبلی اور پھر صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، اگر صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اسے نامنظور کر دے تو معاملہ صدر کے پاس نہیں جا سکتی، اس سے واضح ہے کہ صوبائی اسمبلی کو صرف ایک آرٹیکل کے ذریعے ویٹو کا اختیار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمہ اصول یہ ہے کہ جس صوبے کی بانڈری تبدیل ہونی ہے سب سے پہلے وہاں بحث ہوگی، 1973 کا آئین بنانے والوں کے ذہن میں یہی تھا کہ ایک ڈکٹیٹر آتا ہے اور ایک صفحے پر مشتمل آرڈر کے ذریعے صوبے توڑ کر ون یونٹ بنا دیتا ہے، اگلا ڈکٹیٹر اسی طرح ون یونٹ توڑ کر دوبارہ صوبے بنا دیتا ہے۔چودھری منظور نے سوال اٹھایا کہ اگر لکسی معاملے پر آرا مختلف ہوں تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ریفرنڈم کرایا جائے، اس حوالے سے آئین میں باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے آپ ایسا راستہ کھولنے جا رہے ہیں جو تباہی اور بربادی کا راستہ ہے، جو لوگ ایسا کرنا چاہتے ہیں وہ سوچیں کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 239 ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ طاقت کے زور پر ہو سکتا ہے لیکن ایسا کوئی بھی اقدام دیرپا نہیں ہوتا اور نہ ہی اس میں اتنی صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک پہلے معاشی طور پر تباہ حال ہے، ملک کے پاس اتنے وسائل ہی نہیں کہ نئے صوبے بنا کر وہاں کے انتظامات کے لیے الگ سے فنڈز جاری کر سکے۔