ریاض۔۔۔سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر کے اس بیان کی شدید مذمت اور مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا پورے مشرقِ وسطیٰ پر کنٹرول قابلِ قبول قرار دینا غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز مؤقف ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ریمارکس بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور تسلیم شدہ سفارتی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ سعودی حکومت نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے بیانات خطرناک نظیر قائم کرتے ہیں،خصوصاً جب وہ کسی امریکی عہدیدار کی جانب سے سامنے آئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی انتہا پسندانہ بیان بازی نہ صرف خطے کے ممالک اور عوام کو مشتعل کرتی ہے بلکہ بین الاقوامی نظام کی بنیادوں کو بھی کمزور کرتی ہے، جو عالمی امن، خودمختاری اور ریاستوں کی جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
سعودی عرب نے امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بیان کے حوالے سے اپنی سرکاری پوزیشن واضح کرے۔ وزارت نے کہا کہ یہ مؤقف دنیا بھر کے امن پسند ممالک کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔