سعودی کابینہ کی حوثیوں کے حملوں کی مذمت دفاع کے حق کا اعادہ

عبد الجبار

ریاض۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سعودی کابینہ نے حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے مملکت میں شہریوں اور شہری تنصیبات پر مسلسل اور جان بوجھ کر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری، شہریوں، رہائشیوں اور اہم مفادات کے دفاع کے حق کا اعادہ کیا ہے ۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، اس کی سرزمین کا تحفظ اور اس کے وسائل کی حفاظت ایسے اصول ہیں جن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔کابینہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مملکت کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کا جائز حق حاصل ہے۔ اجلاس کے دوران ولی عہد نے وزرا کو پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے ساتھ اپنی ملاقات سے آگاہ کیا۔ ان بات چیت میں خطے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے خطے اور دنیا بھر میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور سلامتی و امن کے فروغ کے لیے مکالمے کے ذریعے سعودی عرب کی کوششوں، عالمی برادری کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے اور مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات کی حمایت کو اجاگر کیا۔ کابینہ نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کے اپنے دفاع، خودمختاری، شہریوں، رہائشیوں اور اہم مفادات کے تحفظ کے حق کی توثیق بھی کی ہے۔سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔محکمہ شہری دفاع (سول ڈیفنس)کی جانب سے ایکس پر جاری ہونے ولے ایک بیان میں حکام نے لوگوں کو پرسکون رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتِحال میں فوری طور پر قریبی محفوظ مقام، عمارت یا کھڑکیوں سے دور کسی اندرونی کمرے میں چلے جائیں اور خطرہ ٹلنے تک وہیں رہیں۔یاد رہے کہ منگل کی صبح محکمہ سول ڈیفنس نے جدہ، طائف سمیت چند دیگر علاقوں کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کے انتباہات جاری کیے تھے۔مکہ سے متعلق بیان میں شہریوں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ بلا وجہ گھروں یا عمارتوں سے باہر نہ نکلیں، کھلے مقامات، کھڑکیوں اور شیشوں سے دور رہیں اور بالکونی یا چھت پر کھڑے ہونے سے گریز کریں۔حکام نے شہریوں کو ہجوم اور خطرناک علاقوں سے دور رہنے اور تصاویر بنانے سے گریز کرنے کا بھی کہا ہے۔سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل پر انتباہ موصول ہونے کی صورت میں گاڑی سڑک کے کنارے، پلوں اور بلند عمارتوں سے دور کھڑی کریں۔حکام کے مطابق مکہ، مدینہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں ہنگامی صورتِ حال کی اطلاع 911 جبکہ دیگر علاقوں میں 998 پر دی جا سکتی ہے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x