نثاراحمد
کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سندھ میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات تھم نہ سکے۔تفصیلات کے مطابق سندھ بھر میں سال 2026 کے پہلے 10 ماہ کے دوران کاروکاری کے 151 کیسز میں 165 افراد کو قتل کردیا گیا جن میں 130 خواتین اور 35 مرد شامل ہیں۔کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے والے ملزمان میں 46 مقتولین کے شوہر، 19 والد ، 25 بھائی، ایک بیٹی، 50 دیگر رشتے دار اور 15 پڑوسی ، دوست اور دیگر ملزمان شامل ہیں۔کاروکاری کے سب سے زیادہ واقعات لاڑکانہ رینج میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 60 ہے، سکھر رینج میں 52، شہید بے نظیر آباد رینج میں 21، حیدرآباد رینج میں 11 ، میرپور خاص رینج میں 8 جب کہ کراچی رینج میں 5 واقعات رپورٹ ہوئے۔ کاروکاری قرار دے کر قتل کرنے کے واقعات میں مختلف اقسام کے ہتھیار استعمال کیے گئے جن میں 3 کلاشنکوف، اسٹین گن ، 8 شارٹ گن، ایک چھری، 22 ریوالور،پستول اور 22 دیگر اقسام کے ہتھیار شامل ہیں۔واضح رہے کہ سال 2025 میں ماہ اکتوبر تک سندھ بھر میں کاروکاری کے 138 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں 117 خواتین سمیت 160 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔