فرخ تنویر ملک
منیلا۔۔۔فلپائن میں 7.8شدت کے طاقتور زلزلے نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں کم ازکم 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، زلزلے سے متعدد عمارتیں بھی منہدم ہوگئیں،سونامی وارننگ جاری کردی گئی ۔جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز کے مطابق زلزلے کا مرکز فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈوانا کے قریب تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریبا 7:40 بجے کے قریب آیا۔شدید جھٹکوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی، ممکنہ آفٹر شاکس کے خدشات برقرار ہیں، امدادی اور ریسکیو ٹیموں کی متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب انڈونیشیا کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے سمندر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ فلپائن کے ساحلی علاقوں میں 3 میٹر تک بلند لہریں آ سکتی ہیں جبکہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض حصوں میں 1 میٹر تک لہروں کا امکان ہے۔حکام نے خطرناک لہروں کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹس جاری کیے اور ساحلی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی۔