عبدالجبار
اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کم اجرت اور پیداواری صلاحیت کی کمی عالمی سطح پر غربت میں کمی کی کوششوں میں بڑی رکاوٹ بن کر سامنے آ رہی ہے۔ لاکھوں افراد ملازمت کرنے کے باوجود غربت کی گرفت میں ہیں جس سے روزگار کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ملازمتوں کے معیار اور آمدنی میں اضافے کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔عالمی بینک کے حالیہ نتائج کے مطابق، غریب گھرانوں میں کام کرنے کی عمر کے افراد کی ملازمت کی شرح، غیر غریب گھرانوں کے مقابلے میں صرف 6 فیصد پوائنٹس کم ہے۔ تاہم غریب گھرانوں کے افراد ہر ہفتے 3 سے 4 گھنٹے کم کام کرتے ہیں اور ان کے زیر کفالت افراد کی تعداد بھی نمایاں طور پر زیادہ ہوتی ہے۔ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف روزگار کے مواقع بڑھانا غربت میں کمی کے لیے کافی نہیں بلکہ اس کے ساتھ آمدنی میں اضافہ، پیداواری صلاحیت کی بہتری اور بہتر معاوضے والی ملازمتوں تک رسائی بھی ضروری ہے۔عالمی بینک کی 26 اکتوبر کو جاری ہونے والی رپورٹ غربت، خوشحالی اور کرہ ارض 2026 کے مطابق اگر غریب کارکنوں کی تعلیمی قابلیت کو غربت کی لکیر سے اوپر زندگی گزارنے والے افراد کی سطح تک پہنچا دیا جائے تو ان کی متوقع آمدنی میں تقریبا 40 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے اور انتہائی غربت میں تقریبا نصف کمی لائی جا سکتی ہے۔رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگر غریب گھرانوں میں کام کرنے کی عمر کے افراد کی ملازمت کی شرح 75 فیصد تک پہنچا دی جائے، جس کے لیے بڑی حد تک مردوں اور خواتین کے درمیان روزگار کے فرق کو کم کرنا ہوگا، تو عالمی سطح پر انتہائی غربت میں تقریبا پانچواں حصہ کمی ممکن ہے۔ اسی طرح کارکنوں کو زرعی شعبے سے نکال کر تنخواہ دار ملازمتوں میں منتقل کرنے سے بھی اتنی ہی کمی آ سکتی ہے۔دو سال بعد جاری ہونے والی اس رپورٹ میں 130 سے زائد معیشتوں کے نئے اعداد و شمار شامل کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں غربت کے خلاف پیش رفت بحال کرنے کے لیے روزگار کے بہتر مواقع اور آمدنی میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔دنیا بھر میں 2026 کے دوران تقریبا 811 ملین افراد، یعنی ہر 10 میں سے ایک شخص، روزانہ 3 ڈالر سے کم آمدنی پر زندگی گزار رہا ہے۔ وبا کے بعد انتہائی غربت کی شرح میں بڑی حد تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ اگر 2000 سے 2013 کے دوران غربت میں کمی کی رفتار برقرار رہتی تو مزید 243 ملین افراد غربت سے نکل سکتے تھے۔دنیا کی انتہائی غریب آبادی کا نصف سے زیادہ حصہ صرف 9 معیشتوں میں مقیم ہے۔ اندازہ ہے کہ 2030 تک انتہائی غربت میں زندگی گزارنے والے 87 فیصد افراد کا تعلق سب صحارا افریقہ یا غیر مستحکم اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں سے ہوگا۔رپورٹ کے مطابق، 2003 سے 2024 کے دوران 138 میں سے 88 معیشتوں میں غریب گھرانوں کے افراد کی ملازمتوں میں کمی آئی جبکہ آمدنی میں اضافے نے کم آمدنی والے طبقے کے اخراجات میں ہونے والے تمام اضافے میں کردار ادا کیا، نہ کہ ملازمتوں کی تعداد میں اضافے نے کیا ہے۔یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اصل مسئلہ صرف یہ نہیں کہ لوگوں کے پاس ملازمت ہے یا نہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ آیا ان کی ملازمت اتنی آمدنی فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنے گھرانوں کو غربت سے نکال سکیں۔عالمی بینک کے مطابق، 2050 تک عالمی سطح پر انتہائی غربت کو 3 فیصد تک محدود کرنے کے لیے فی کس اقتصادی ترقی کی اوسط سالانہ شرح تقریبا 4 فیصد ہونا ضروری ہے جو گزشتہ 25 برسوں کے دوران ریکارڈ کی گئی شرح سے دوگنا ہے۔غربت کا مسئلہ صرف انتہائی غریب افراد تک محدود نہیں۔ دنیا کی تقریبا نصف آبادی، یعنی 3.7 ارب افراد، اب بھی روزانہ 8.30 ڈالر سے کم آمدنی پر گزارا کر رہی ہے۔ یہ تعداد 1990 کے بعد سے بڑی حد تک جوں کی توں ہے۔2000 کے بعد انتہائی غربت سے نکلنے والے زیادہ تر افراد اب بھی روزانہ 3 سے 8.30 ڈالر کی آمدنی کے دائرے میں ہیں جس کے باعث وہ معاشی بحرانوں کے مقابلے میں غیر محفوظ رہتے ہیں۔موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات بھی ان مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں شدید موسمیاتی خطرات سے متاثر ہونے والے 4.5 ارب افراد میں سے تقریبا 1.5 ارب کو انتہائی غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔یہ خطرات خاص طور پر سب صحارا افریقہ، مشرق وسطی، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان میں زیادہ پائے جاتے ہیں۔پاکستان کی لیبر مارکیٹ اس بات کی مثال ہے کہ جب نئی ملازمتوں میں آمدنی محدود ہو اور پیداواری صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہو تو روزگار کے مواقع بڑھنے کے باوجود غربت برقرار رہ سکتی ہے۔