لوکل گورنمنٹ بورڈ کمپلیکس میں تزئین و آرائش کا کام مکمل، وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے افتتاح کر دیا
لاہور: لوکل گورنمنٹ بورڈ کمپلیکس میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جس کا افتتاح وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری خرم ورک، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، سیکرٹری بورڈ رضوان نذیر، ڈی جی لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان، ڈی جی انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ علی عباس بخاری، چیف انجینئر عامر بٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر بلدیات کو کمپلیکس آمد پر شاندار استقبال دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیز ون اور ٹو کے تحت 36 سال پرانی بلڈنگ کی مرمت اور آرائش مکمل کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق عمارت کی سولرائزیشن کی گئی ہے جبکہ دو نئی لفٹس بھی نصب کی گئی ہیں۔ مزید برآں، آئی ٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور کمیٹی روم کی تزئین نو سے محکمے کی استعداد کار میں اضافہ ہوا ہے۔
ذیشان رفیق نے ہدایت دی کہ بورڈ بلڈنگ میں آئی ٹی بیسڈ کنٹرول روم قائم کیا جائے اور اسے یونین کونسلز کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام یونین کونسلز کی نئی بلڈنگز کے یکساں ڈیزائن کی ہدایت دی ہے۔
مزید برآں، محکمہ بلدیات یونیورسٹی کے طلبہ کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گا اور سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے ساتھ ایم او یوز کیے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے بتایا کہ جی سی یونیورسٹی لاہور کے ساتھ ایم او یو تیار ہے تاکہ طلبہ کو محکمے کے منصوبوں پر ریسرچ کی سہولت دی جا سکے۔
پارلیمانی سیکرٹری خرم ورک نے کہا کہ نوجوان نسل کو عملی تربیت اور زمینی حقائق سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے ماحولیاتی ڈگری پروگرامز سے منسلک کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
