فرخ تنویرملک
واشنگٹن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکا اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے خلاف کسی بین الاقوامی ادارے کے فیصلوں کو قبول نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر عالمی فوجداری عدالت نے امریکی شہریوں یا فوجی اہلکاروں کے خلاف اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کی کوشش کی تو واشنگٹن طاقت کے ذریعے جواب دے سکتا ہے۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق روبیو نے واشنگٹن میں قدامت پسند قانونی تنظیم فیڈرلسٹ سوسائٹی کے قومی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت اور بین الاقوامی قوانین پر سخت تنقید کی۔روبیو نے اپنی تقریر میں قدیم رومی جنرل پومپی کا ایک مشہور قول نقل کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت کو خبردار کیا کہ وہ امریکی شہریوں پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش نہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت امریکی شہریوں کے خلاف اپنے عدالتی احکامات نافذ کرنے کی کوشش کرے گی تو امریکا کا جواب یہ ہوگا کہ تلوار اٹھانے والوں کو قوانین کا حوالہ دینا بند کرو۔ روبیو نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کو بعض بااثر طبقات اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی فوجداری عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلواریں رکھنے والوں کے سامنے قوانین کا حوالہ دینے سے گریز کرنا چاہیے۔روبیو نے الزام عائد کیا کہ ہیگ میں قائم عدالت واشنگٹن پر ایسے قانونی ضابطے نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جنہیں امریکا نے تسلیم نہیں کیا۔روبیو کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا نے تقریبا ایک ماہ قبل عالمی فوجداری عدالت پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔ واشنگٹن نے اس وقت عدالت کے کام کو شدید متاثر کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔عالمی فوجداری عدالت سنگین ترین جرائم اور مظالم کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔ یہ عدالت ان حالات میں آخری قانونی فورم کے طور پر کام کرتی ہے جہاں متعلقہ ممالک میں احتساب کے لیے موثر قانونی نظام موجود نہ ہو۔امریکا نے اس معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت عالمی فوجداری عدالت قائم کی گئی، تاہم اس نے روم معاہدے کی توثیق نہیں کی اور اس طرح عدالت کا رکن نہیں بنا۔ اسرائیل، روس اور چین بھی آئی سی سی کے رکن ممالک میں شامل نہیں ہیں۔