ماہی پروری کی پیداوار 22.8 فیصد بڑھ گئی

فرخ تنویرملک

اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان میں ماہی پروری فش فارمنگ کی پیداوار 2011 سے 2024 کے دوران 22.8 فیصد بڑھ گئی جس سے مچھلی کی فراہمی میں اضافے اور ماہی گیری کی صنعت کو وسعت دینے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ پاکستان بزنس کونسل کی تحقیقی رپورٹ بعنوان پاکستان کا شعبہ آبی ماہی پروری: برآمدی مسابقت بہتر بنانے کے مواقع، چیلنجز اور پالیسی سفارشات کے مطابق آبی ماہی پروری کی پیداوار 2011 میں ایک لاکھ 41 ہزار 935 میٹرک ٹن تھی جو 2024 میں بڑھ کر ایک لاکھ 74 ہزار 338 ٹن ہو گئی۔ اس طرح 13 برس میں پیداوار میں 32 ہزار 403 ٹن اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس ترقی کی بنیادی وجوہات میں مچھلی کی بڑھتی ہوئی طلب، میٹھے پانی کے وسائل کا بہتر استعمال اور مچھلی کی افزائش کے طریقوں اور بنیادی ڈھانچے میں بتدریج بہتری شامل ہیں۔پاکستان کے شعبہ ماہی گیری کی مجموعی مالیت تقریبا 1.3 ارب ڈالر ہے جو ملکی مجموعی قومی پیداوار میں 0.3 فیصد اور زرعی جی ڈی پی میں 1.29 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ بحیرہ عرب کے ساتھ ایک ہزار 50 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کے علاوہ دریاں، جھیلوں، نہروں، آبی ذخائر، سیلابی میدانوں اور مچھلی کے فارموں کی موجودگی کے باعث پاکستان میں مچھلی کی پیداوار بڑھانے، خصوصا آبی ماہی پروری کے شعبے میں وسیع امکانات موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق 2022 میں پاکستان میں مچھلی کی مجموعی پیداوار 6 لاکھ 66 ہزار 245 میٹرک ٹن رہی۔ اس میں سمندری ماہی گیری کا حصہ 3 لاکھ 49 ہزار 292 ٹن یا 52.4 فیصد تھا۔ اندرون ملک ماہی گیری سے ایک لاکھ 50 ہزار 753 ٹن، یعنی 22.6 فیصد پیداوار حاصل ہوئی جبکہ مچھلی کے فارموں سے ایک لاکھ 66 ہزار 200 ٹن پیداوار ہوئی جو مجموعی پیداوار کا 24.9 فیصد بنتی ہے۔ اعدادوشمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مچھلی کی پیداوار کا رجحان سمندری ماہی گیری سے اندرون ملک ماہی گیری اور آبی ماہی پروری کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔ 2015 میں سمندری مچھلی کا شکار 3 لاکھ 77 ہزار 141 ٹن تھا جو 2022 میں کم ہو کر 3 لاکھ 49 ہزار 292 ٹن رہ گیا۔ اس کے برعکس اسی عرصے میں مچھلی کے فارموں کی پیداوار ایک لاکھ 51 ہزار 147 ٹن سے بڑھ کر ایک لاکھ 66 ہزار 200 ٹن ہو گئی۔ اندرون ملک ماہی گیری کی پیداوار بھی ایک لاکھ 32 ہزار 365 ٹن سے بڑھ کر ایک لاکھ 50 ہزار 753 ٹن تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق 2018 اور 2019 میں کمی کے بعد ماہی گیری کی مجموعی پیداوار میں 2020 سے 2022 تک دوبارہ سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 2022 میں مزید 0.75 فیصد اضافہ ہوا۔صوبائی سطح پر سندھ ماہی گیری اور آبی ماہی پروری کی پیداوار میں 46.3 فیصد حصے کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ بلوچستان 30.2 فیصد، پنجاب 22.8 فیصد اور خیبر پختونخوا 0.7 فیصد حصے کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کا مجموعی حصہ 76.5 فیصد بنتا ہے جو ساحلی ماہی گیری میں ان دونوں صوبوں کے نمایاں کردار کو ظاہر کرتا ہے۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x