نثاراحمد
لندن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔قومی کرکٹ ٹیم کی دورہ انگلینڈ میں خراب کارکردگی اور مایوس کن بیٹنگ پرفارمنس کے بعد ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں کھلاڑیوں پر ملبہ نہیں ڈالوں گا، سیریز کے بعد فیصلہ کریں گے،کس کو نکالنا ہے۔ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے لارڈز ٹیسٹ کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی خراب کھیلے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ میں سارا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دوں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ یہ ہماری ٹیم ہے اور پاکستان کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں، محمد رضوان ، سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے پرفارم بھی کیا ہے، لیکن آج رنز نہیں کر رہے ، تو بطور ہیڈ کوچ ان کے ساتھ کھٹرا ہوں، سیریز کے بعد بیٹھیں گے، بات کریں گے، پھر طے کریں گے، کس کو رکھنا ہے،کس کو نکالنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ بیٹنگ میں اچھا کرتے ہیں ،تو بولنگ خراب ہوجاتی ہے، ابھی تسلیم کرتا ہوں، بلے بازی میں مسائل ہیں ، یہ سارے اچھے لڑکے ہیں، بہت محنت کر رہے ہیں ، افسوس نتائج ہمارے حق میں نہیں آرہے، لیکن ہمیں اس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک پیشہ ورانہ ٹیم ہے۔ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہاکہ اگر پاکستان ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر اپنا تشخص عالمی معیار کے مطابق رکھنا ہے ،تو لڑکوں کو پرفارم کرنا ہوگا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں جانا ہوگا، اپنی خامیوں پر کام کرنا ہوگا، یہ ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک رہی ٹیم کی پرفارمنس، بطور ہیڈ کوچ میں مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں، کسی کو موردالزام نہیں ٹھہرائوں گا۔ اس موقع پر سرفراز احمد نے عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو سے متعلق لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہے۔ سرفراز احمد نے واضح کیا کہ انہیں اس معاملے کا کوئی علم نہیں اور نہ ہی وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ پی سی بی نے اس حوالے سے انگلینڈ کرکٹ حکام سے کوئی شکایت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم معمول کے مطابق وقفے کے بعد میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی تھی اور انٹرویو کے باعث کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوئی۔