لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یتیموں، بیواؤں اور غریبوں کی زمینوں پر قبضے ختم کرنے کے لیے نئی قانونی سازی کا اعلان کیا ہے۔ وہ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں منعقدہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہی تھیں۔
تقریب میں وزراء، ارکان اسمبلی، افسران اور جوانوں کے اہل خانہ شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پیرا فورس کے جوانوں سے “انصاف، شفافیت اور دیانتداری” کا حلف لیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے رابعہ عارف، وحید اعظم، عبداللہ صفدر، سلمان حمید اور رانا آفاق احمد کو میڈلز دیے گئے۔
خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں اب کسی بے کس اور مجبور کی زمین پر قبضہ نہیں ہوگا۔ ناجائز قابضین کو 10 سال قید اور بھاری جرمانہ ہوگا جبکہ ہر مقدمے کا فیصلہ 90 دن کے اندر لازمی کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس مقصد کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پیرا فورس عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا:
“جہاں ظلم ہوگا، وہاں ظالم کو پکڑنے کے لیے حکومت موجود ہوگی۔”
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گندم کی قیمت 4100 روپے سے کم ہو کر 3100 روپے پر لانے میں پیرا اور انتظامیہ نے اہم کردار ادا کیا۔ سیلاب کے دوران بھی فورس نے شاندار خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے پیرا کے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ رشوت کو حرام قرار دیں اور حلال کمائی پر قناعت کریں۔ ساتھ ہی کہا کہ کاروباری حضرات جائز منافع ضرور کمائیں لیکن ناجائز منافع اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مریم نواز نے پولیس میں سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ کے قیام کو امن و امان کی بحالی میں سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ کئی تحصیلوں میں جرائم کی شرح تقریباً صفر تک آ گئی ہے۔
انہوں نے بطور خاتون چیف منسٹر اعلان کیا کہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنایا جائے گا۔