اسلام آباد۔۔۔وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس وزیرِاعظم نے کابینہ اراکین کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
وی او
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مختلف اہم پالیسیوں کی منظوری دی گئی، جن میں ملک میں ویکسین کی مقامی تیاری کی پالیسی بھی شامل ہے۔ اس پالیسی کا مقصد درآمدات پر انحصار کم کرنا، قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور پاکستان کو ویکسین سازی میں خود کفیل بنانا ہے۔ اس حوالے سے DRAP کے تحت قیمتوں اور معیار کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔کابینہ نے نیشنل سکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کی بھی منظوری دی، جس کے تحت ملکی صنعت و تجارت کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا، جبکہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے عالمی معیار کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
اجلاس میں ملک کی پہلی نیشنل ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی پالیسی کی منظوری بھی دی گئی، جس کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ، غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور تحقیق و ترقی کو فروغ دینا ہے۔اسی طرح نیشنل سیڈ پالیسی 2025 کی بھی اصولی منظوری دی گئی، جس کے تحت زرعی پیداوار میں 15 سے 20 فیصد اضافہ اور عالمی معیار کی سیڈ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وفاقی نظامتِ تعلیم میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے گریڈ ایک سے پندرہ کے اساتذہ کو اہلیت کے مطابق وزٹنگ فیکلٹی کے طور پر تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں نیپرا کی سالانہ رپورٹ 2025 اور اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2025 بھی پیش کی گئیں۔