فرخ تنویرملک
لندن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ویلز میں میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کے دوران ایک شخص نے تقریبا 3 ہزار سال قدیم سونے کا کنگن دریافت کرلیا۔شمالی ویلز کی کائونٹی گوائنیڈ کے علاقے لانووخلین میں ادریس تھامس ایک زرعی زمین پر میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کر رہے تھے کہ صرف 20 منٹ بعد ان کے آلے نے دھاتی شے کی موجودگی کا سگنل دیا۔کھدائی کے دوران انہیں زمین میں چمک دکھائی دی، جس پر معلوم ہوا کہ وہاں موجود شے سونے کی ہے۔ادریس تھامس کے مطابق ابتدا میں انہیں لگا کہ یہ ٹِن فوائل کا ٹکڑا ہے، تاہم بعد میں سونے کی جھلک نظر آنے پر وہ حیران رہ گئے۔ماہرین نے تصدیق کی کہ دریافت ہونے والا زیور کانسی کے دور سے تعلق رکھتا ہے اور اس میں تقریبا 92.8 فیصد خالص سونا موجود ہے۔ماہرین کے مطابق سونے کے کنگن کی ممکنہ مالیت 15 ہزار سے 20 ہزار پانڈ کے درمیان ہے، جبکہ انکوائری کے بعد اسے باقاعدہ طور پر خزانہ قرار دے دیا گیا۔ایک محقق نے اس دریافت کو انتہائی شاندار قرار دیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ادریس تھامس نے میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کا شوق صرف دو سال قبل شروع کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس غیر معمولی دریافت پر انتہائی حیران اور خوش ہیں اور اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔