ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، روایتی حریف پاک بھارت ٹیمیں ہائی وولٹیج مقابلے میں کل کولمبو میں مدمقابل آئیں گی

کولمبو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ہائی وولٹیج مقابلے میں کل (اتوار کو) کولمبو کے کو آر پریماداسا اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی تاہم بارش اس اہم ٹاکرے کا مزہ کرکرہ کرسکتی ہے ،آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو کولمبو میں پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت دید ی ہے ۔شائقین کرکٹ کاجوش وخروش عروج پر ہے، 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والا آر پریما داسا سٹیڈیم کی مکمل طور پر فروخت ہو چکا ہے، جبکہ بلیک مارکیٹ میں ٹکٹیں اصل قیمت سے چار گنا زیادہ میں فروخت ہو رہی ہیں، پاک بھارت ٹاکرے پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں ۔میچ کو انڈیا، پاکستان اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد ٹی وی سکرینز پر دیکھیں گے، جس نے ٹورنامنٹ کو ایک نئی جان بخشی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث ہر گیند اور ہر شاٹ جذبات کی شدت میں اضافہ کرے گا۔ مقامی ذرائع کے مطابق شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث ٹکٹ بلیک مارکیٹ میں بھی فروخت ہونے لگے، جہاں بعض ٹکٹ اصل قیمت سے تین سے چار گنا زیادہ نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ سٹیڈیم کے اطراف بھی شائقین کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔منتظمین کا کہنا ہے کہ پاک۔بھارت مقابلہ عالمی کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جس کے باعث نہ صرف سری لنکا بلکہ دیگر ممالک سے بھی شائقین میچ دیکھنے کے لیے کولمبو پہنچ رہے ہیں، جس سے شہر میں سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ا دھر کولمبو میں موسم کی تازہ ترین اپ ڈیٹس کے مطابق، شام 4 اور 5 بجے (سری لنکا کے وقت) کے درمیان ٹاس سے ٹھیک قبلمیدان میں مسلسل بارش اور زیادہ نمی کی وجہ سے کارروائی پر اثر پڑنے کا امکان ہے ، سٹیڈیم پر 15 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں، جو تیز گیند بازوں کو ابتدائی طور پر مدد دے سکتی ہیں۔ دونوں ٹیمیں اپنے گروپ مرحلے کے میچوں میں ناقابل شکست رہیں۔ پاکستان نے نیدرلینڈز اور امریکا جبکہ بھارت نے امریکا اور نمیبیا کو شکست دی۔ تاریخی طور پر بھارت اور پاکستان 16 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنلز میں آمنے سامنے ہو چکے ہیں جن میں بھارت نے 13 اور پاکستان نے تین جیتے ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں آٹھ بار ٹکر چکی ہیں اور بھارت کو 6-1 سے برتری حاصل ہے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔ اس بار توقع کی جا رہی ہے کہ آج ہونے والا مقابلہ ٹی وی ناظرین کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دے گا۔ بعض تجزیہ کار ایک ارب سے زائد ناظرین کا دعوی کرتے ہیں، اگرچہ قابلِ تصدیق ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ 2011 ورلڈ کپ کا فائنل تھا، جسے 558 ملین افراد نے دیکھا۔اس میچ کے ذریعے اشتہارات، براڈ کاسٹ رائٹس، سپانسرشپ اور سیاحت سے کروڑوں ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔ لیکن اس بڑے مقابلے کو ممکن بنانے کے لیے گذشتہ ہفتے کافی سفارتی کوششیں بھی کی گئیں۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا نے پاکستان سے رابطہ کرکے میچ کھیلنے پر آمادہ ہونے کی درخواست کی، جس کے بعد پاکستان نے اعلان کیا کہ وہ کرکٹ کی روح کے تحفظ کے لیے ٹیم کو 15 فروری کو میدان میں اتارے گا۔ ادھر میچ سے قبل سری لنکن شائقین نے پاکستانی ٹیم اور مداحوں کے لیے خیرمقدم اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔بھارت اور پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ مقابلے سے قبل سوشل میڈیا پر سری لنکن جین زی کی جانب سے # اور # ہیش ٹیگز تیزی سے ٹرینڈ کرنے لگے ہیں۔کولمبو میں میچ کے موقع پر سٹیڈیم کے اطراف اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دونوں ٹیموں کے مداحوں کی مثبت سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں، جہاں کرکٹ کو دوستی اور کھیل کے جذبے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے مواقع خطے میں کھیل کے ذریعے مثبت پیغام کو فروغ دیتے ہیں اور کرکٹ ایک بار پھر مختلف ممالک کے شائقین کو قریب لانے کا ذریعہ بن رہی ہے، جس سے کھیل کے سفارتی پہلو کو بھی تقویت ملتی ہے۔دریں اثنا آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کولمبو میں پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت دیدی۔ ذرائع کیمطابق چیئرمین پی سی بی آج پاک بھارت میچ کولمبومیں دیکھیں گے، پاک بھارت میچ سیقبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی قومی سکواڈ سے ملاقات بھی کریں گے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو بھی آئی سی سی نے دعوت نامہ بھیج دیا، صدر آئی سی سی جے شاہ بھی پاک بھارت میچ دیکھیں گے۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے جے شاہ اوربی سی سی آئی افیشلز کی ملاقات کا بھی امکان ہے، دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الا اسلام کو پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ قومی ٹیم کے بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ ہی بہت زیادہ شدت والا ہوتا ہے، نہ صرف دونوں ممالک کے لوگ بلکہ پوری دنیا کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہیں جس کی وجہ سے میچ ایک مختلف لیول پر چلا جاتا ہے اور کھلاڑیوں سے توقعات بھی بڑھ جاتی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج میچ سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ میں ایسے بہت سے میچز کا حصہ رہا ہوں اور میں نے یہ سیکھا ہے کہ اس میچ کے لیے جتنا خود کو ٹھنڈا رکھیں گے، آرام دہ رکھیں گے اور باہر کی آوازوں پر توجہ دینے کے میچ پر فوکس رکھیں گے تو اتنا اچھا پرفارم کر پائیں گے۔انہوں نے مزید کہا البتہ اس میچ کا جوش ہوتا ہے، لیکن کھلاڑی جتنا خود کو ٹینشن فری رکھیں گے اتنا ان کے لئے اچھا ہے۔دریں اثنا قو می ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف بڑے میچ سے قبل اسپنر عثمان طارق کو ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ پاک بھارت ٹاکرے سے قبل کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا ہمارے لیے یہ سب کھلاڑی ایک جیسے ہیں، عثمان طارق کو آپ سب نے بنایا، وہ ہمارے لیے ٹرمپ کارڈ ہیں۔ان کا کہنا تھا عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق بات چلتی رہی ہے، عثمان طارق دو مرتبہ کلیئر ہوچکا، پتا نہیں اس کے ایکشن پر بات کیوں ہو رہی ہے، لیکن عثمان طارق پر اس سب کا کوئی اثر نہیں پڑتا، کسی کی رائے کو روک نہیں سکتے، سب کو اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ایک بڑے لیول کا میچ ہوگا، ہم تیار ہیں ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں اور پچ کا بھی علم ہے، بارش کا کچھ نہیں کر سکتے، اگر بارش کی وجہ سے اوور کم ہوتے ہیں تو اس کا بھی پلان کر رکھا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا میرے لیے تمام 15 کھلاڑی اہم ہیں، کوئی بھی کھیل سکتا ہے، کنڈیشنز کو دیکھ کر ہی اپنی پلیئنگ الیون بنائیں گے، بابر اعظم رنز کر رہے ہیں، ہمارے لئے پریشانی کی بات نہیں ہے، امید ہے بابراعظم آج بھی رنز کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں سلمان علی آغا کا کہنا تھا انڈیا کے خلاف ہمارا ورلڈ کپ میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں رہا، لیکن ہم نے تاریخ سے سیکھا ہے اور کوشش ہو گی کہ کل اچھا کھیلیں، انڈیا کی پوری پلئینگ الیون کے لیے پلان کیا ہوا ہے۔بھارت کے جارح مزاج بیٹر ابھیشک شرما سے متعلق سوال پر پاکستان کے کپتان نے کہا امید ہے ابھشک کی ری کوری اچھی ہو رہی ہو گی اور وہ اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا جب آپ کپتانی کر رہے ہیں ہوتے ہیں تو یہ اضافی ذمے داری ہوتی ہے، دبائو بھی ہوتا ہے، آپ ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں تو سب کی نظریں آپ پر ہوتی ہیں، ہمیں میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x