عبدالجبار
لاہور۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما اور سرما کی چھٹیاں کم کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے طلبہ کے تدریسی دنوں کی تعداد پوری کرنے کے لیے نئے تعلیمی کیلنڈر کے تحت اسکولوں کی چھٹیوں اور امتحانات کے شیڈول میں تبدیلیوں کی تجویز پیش کر دی۔مجوزہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت اسکولوں میں سالانہ کم از کم 190 تدریسی دن فراہم کیے جائیں گے، جبکہ امتحانات کے لیے اضافی 20 دن مختص ہوں گے۔اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے محکمہ تعلیم نے موسمِ گرما اور موسمِ سرما کی تعطیلات میں کمی کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ کلاس روم میں پڑھائی کے لیے زیادہ وقت میسر آ سکے۔حکام کے مطابق یہ مجوزہ کیلنڈر آئندہ تعلیمی سال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور حتمی منظوری کے لیے اسے کابینہ کمیٹی کو پیش کیا جائے گا۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے اسموگ اور دیگر ہنگامی تعطیلات کی وجہ سے تعلیمی کیلنڈر شدید متاثر ہو رہا ہے، جس کے باعث اسکول مقررہ تدریسی دن مکمل کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔اسی صورتحال کے پیشِ نظر حکام کو گزشتہ دو سال کے دوران نصاب (سلیبس) میں کمی کرنا پڑی، جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی۔محکمہ تعلیم کے مطابق نظرثانی شدہ تعلیمی کیلنڈر کا مقصد ان تعطلات کا ازالہ کرنا اور پورے تعلیمی سال کے دوران تدریس و امتحانات کے لیے مناسب وقت کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔