عبدالجبار
لاہور۔۔۔۔۔۔۔۔۔حکومت پنجاب نے بچوں کو ہراسانی اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن لازمی قرار دے دی ۔محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ، کلاس فور ملازمین، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں سمیت نجی اسکولوں کے تمام ملازمین کی تقرری سے پہلے متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر ویری فکیشن، بیک گرائونڈ چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرنا ہوگی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر کسی ملازم کو طلبہ سے براہ راست رابطے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی۔محکمہ تعلیم نے پنجاب کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ان احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا پابند کریں۔محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے متعدد نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو مناسب بیک گرانڈ، کریکٹر اور پولیس ویری فکیشن کے بغیر ملازمت دی جا رہی ہے جو بچوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کر سکتا ہے۔دوسری جانب پنجاب میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں لا ریفارمز کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں موجودہ قوانین کو مزید موثر بنانے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اشتراک مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے جبکہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لئے مزید عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔اس موقع پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان کو سزا دلوانے کے ساتھ متاثرہ خاتون کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا مشن ہے۔سیکریٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بتایا کہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ صوبے میں خواتین کے تحفظ کے لئے 2016 کا پنجاب پروٹیکشن آف ویمن اگینسٹ وائلنس ایکٹ جبکہ بچوں کے تحفظ کے لئے 2007 کا پنجاب ڈیسٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ پہلے ہی نافذالعمل ہیں۔