فرخ تنویرملک
شینژن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن چین کے شہر شینژن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق احکامات کی ترسیل کے نظام کا حصہ سمجھے جانے والے خصوصی بریف کیس کے ساتھ پہنچے ہیں۔ یہ انکشاف ایک صحافی کے سوال پر روسی وفد میں شامل فوجی اہلکار کے جواب سے ہوا، جس کے بعد اس بریف کیس کی موجودگی نے عالمی توجہ حاصل کرلی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق روسی وفد کے ہمراہ موجود ایک صحافی نے فوجی اہلکار کے ہاتھ میں سیاہ رنگ کا بیگ دیکھا تو اس سے پوچھا کہ کیا یہ جوہری بریف کیس ہے؟ اس پر اہلکار نے جواب دیا کہ جی ہاں، یہی ہے۔ فوجی اہلکار کے اس جواب سے تصدیق ہوئی کہ پیوٹن کے دورہ چین کے دوران ان کے ساتھ جوہری کمانڈ سسٹم سے منسلک خصوصی بیگ بھی موجود ہے۔روس میں اس بریف کیس کو چیگیٹ کہا جاتا ہے۔ یہ روس کے جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا اہم حصہ ہے، جس کے ذریعے ملک کی اعلی قیادت جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق احکامات فوجی قیادت تک پہنچا سکتی ہے۔ اس میں خصوصی مواصلاتی آلات نصب ہوتے ہیں، جن کے ذریعے محفوظ رابطے کے نظام کے تحت ہدایات کی ترسیل ممکن بنائی جاتی ہے۔یہ بریف کیس براہ راست جوہری میزائل داغنے کے لئے استعمال نہیں ہوتا بلکہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق فیصلوں اور احکامات کو فوجی کمانڈ کے مختلف درجات تک پہنچانے کے نظام کا حصہ ہے۔ روسی صدر کے اندرون اور بیرون ملک دوروں کے دوران فوجی اہلکار اسے اپنے ساتھ رکھتے ہیں تاکہ صدر کو اس اہم مواصلاتی نظام تک رسائی حاصل رہے۔پیوٹن کے ساتھ جوہری بریف کیس کی موجودگی ایسے وقت میں سامنے آئی جب 19 نومبر کو روس، امریکا اور چین کے سربراہان کے درمیان سہ فریقی ملاقات ہوئی ۔