فرخ تنویر ملک
کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کراچی کے سفاری پارک کی ہتھنی مدھو بالا ممکنہ انفیکشن کے باعث بیمار ہو کر اچانک زمین پر گر گئی، ہتھنی کو ماضی میں بھی انفیکشن اور پھوڑے کے مسائل کا سامنا رہا ہے۔سفاری پارک کے انتظامیہ کے مطابق مدھو بالا کو کھڑا کرنے کیلئے کرین کی مدد لی گئی۔رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مدھو بالا کی داہنی پچھلی ران پر سوجن ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی اس ٹانگ کا استعمال نہیں کر پا رہی ہے۔پارک انتظامیہ نے مزید بتایا ہے کہ مدھو بالا کو پچھلے دنوں کیلشیم کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش تھا تاہم اب اس میں بہتری آئی ہے۔سفاری پارک کے انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ مدھو بالا کے کچھ طبی ٹیسٹ بھی کروائے گئے ہیں۔ویٹرنری ماہر کا کہنا ہے کہ مدھو بالا کو دی جانے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک شامل ہے اور یہ ادویات ممکنہ بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے خدشے کے پیش نظر دی گئی ہیں۔ویٹرنری ماہر نے مزید بتایا ہے کہ ہتھنی مدھو بالا کی بیماری کی حتمی وجہ جاننے کے لئے مزید طبی معائنہ ضروری ہے، طویل عرصے تک سخت فرش پر رہنا ہاتھیوں کے پائوں کے مسائل کی ایک بڑی وجہ بن سکتا ہے۔دوسری جانب ترجمان بلدیہ عظمی کراچی کا کہنا ہے کہ ہتھنی مدھو بالا کی صحت سے متعلق علم نہیں ہے۔