نثاراحمد
کراچی۔۔۔۔۔۔۔۔۔کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)نے آن لائن جوئے کے ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر کے مطابق اس نیٹ ورک کے ذریعے مجموعی طور پر 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، جبکہ کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کے اثاثے اور رقم منجمد کی گئی ہے۔کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے بتایا کہ آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کی تحقیقات اسٹیٹ بینک کی جانب سے موصول ہونے والی مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس کی بنیاد پر شروع کی گئیں۔تحقیقات کے دوران 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کی نشاندہی ہوئی، جبکہ نیٹ ورک سے منسلک مشکوک بینک اکانٹس میں مجموعی طور پر 240 ارب روپے منتقل ہونے کا انکشاف ہوا۔ان کے مطابق اس نیٹ ورک میں 38 بینک اکانٹس اور 40 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں 3 کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور 2 ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں، جبکہ آن لائن جوئے کے نیٹ ورک سے منسلک 2 بینک اکانٹس منجمد کردیے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران ایک گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے، جبکہ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے بھی منجمد کیے گئے ہیں۔شہزاد اکبر نے بتایا کہ بیٹنگ ایپس کے ذریعے شہریوں سے بڑی رقوم حاصل کی جاتی تھیں۔ ابتدا میں صارفین کو منافع دے کر جوئے کی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاتا تھا، جس کے بعد ان سے مزید رقم لگوائی جاتی تھی۔ ان کے مطابق جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کا 60 سے 65 فیصد حصہ دوبارہ بیٹنگ میں استعمال ہوتا تھا، جبکہ 30 سے 35 فیصد منافع ایپ ڈویلپرز کو منتقل کیا جاتا تھا۔ بیٹنگ ایپس کے لیے بینک اکانٹس فراہم کرنے والے افراد بھی اس منافع میں حصہ دار تھے۔تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ نیٹ ورک کے ارکان نے مختلف کاروباروں کے نام پر بینک اکانٹس کھلوائے اور ان کے ذریعے رقوم منتقل کیں۔ شہزاد اکبر کے مطابق بے نامی اکانٹس استعمال کرکے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئیں، جبکہ اکانٹ ہولڈرز کو ماہانہ ادائیگی کرکے ان کے بینک اکانٹس نیٹ ورک کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کے 3 بینک اکانٹس میں 18 ماہ کے دوران 2 ارب روپے منتقل ہوئے۔ اس کے علاوہ 3 بینکوں کے اکانٹس مبینہ طور پر جوئے کی رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال کیے گئے۔ شہزاد اکبر کے مطابق مبینہ سہولت کاری کے الزام میں بینک منیجرز کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے اور اکانٹس کھولنے میں ملوث بینک عملے کی گرفتاریوں کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے بتایا کہ آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کی تحقیقات کا دائرہ دیگر علاقوں تک بھی وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ اس پورے معاملے میں 38 کمپنیوں کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔نیوز کانفرنس میں سائبر کرائم کی دیگر کارروائیوں سے متعلق بھی تفصیلات سامنے آئیں۔