نثاراحمد
لاہور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سلمان مرزا جاپان میں ہونے والے 2026 ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلوں کے قومی اسکواڈ سے باہر ہوگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سلمان مرزا بائیں انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ایونٹ سے باہر ہوئے۔پی سی بی کے مطابق سلمان مرزا کی جگہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ سلمان مرزا اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مکمل فٹنس حاصل کر لیں گے۔واضح رہے کہ ایشین گیمز میں مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر کو ہوگا۔10 ٹیموں پر مشتمل مینز مقابلوں میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلا دیش، افغانستان اور میزبان جاپان براہِ راست کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ نیپال، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور عمان کوالیفائنگ مرحلہ کھیلیں گے۔ صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پہلا کوارٹر فائنل 28 ستمبر کو کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔پاکستان کی مینز کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ اتوار کو کراچی میں جمع ہوگیا، جہاں 21 سے 24 ستمبر تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ ٹیم 24 ستمبر کی رات جاپان روانہ ہوگی۔
مکسڈ مارشل آرٹس ورلڈ کپ میں پاکستان کی منیشا علی کا گولڈ میڈل
اسلام آباد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان کی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر منیشا علی نے انگولا میں منعقدہ آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ملک کی فائٹر کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے اعلامیے کے مطابق انگولا کے دارالحکومت لواینڈا میں کھیلے گئے آئی ایم ایم اے ایف (IMMAF) ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کی منیشا علی نے میزبان ملک انگولا کی لیونیلا ازابیل بلائی کو دوسرے رانڈ میں سبمشن کے ذریعے چت کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ اس عالمی ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 15 ٹاپ رینکنگ ٹیموں نے شرکت کی، جس میں دنیا کے بہترین امیچر ایم ایم اے فائٹرز ایکشن میں نظر آئے۔ منیشا کا اگلا ہدف پاکستان اوپن ہے، جس کے بعد وہ 1 نومبر سے جارجیا میں شروع ہونے والی آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں ورلڈ ٹائٹل کے لیے میدان میں اتریں گی۔