کشیدگی عروج پر، تیسرا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز بھی پہنچ گیا

فرخ تنویرملک

تہران،واشنگٹن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مشرق وسطی میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی ،ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعوی کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستے کے ذریعے خفیہ طور پر گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے جس سے دونوں جہازوں میں دھماکے ہوئے اور شدید آگ بھڑک اٹھی جبکہ امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ بھی خطے میں پہنچ گیا ، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے معاشی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کیلئے نئے حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی بحریہ نے کہا ہے کہ دونوں ٹینکرز نے اپنے نیویگیشن اور خودکار شناختی نظام بند کر رکھے تھے اور آبنائے ہرمز کے ممنوعہ جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اسی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو دیگر آئل ٹینکرز نے ایرانی بحریہ کے ٹریفک کنٹرول سینٹر کی وارننگ پر عمل کیا اور واپس خلیج فارس کی جانب روانہ ہوگئے۔ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کیلئے پیشگی اجازت لینا اور مقررہ محفوظ بحری راستوں کا استعمال لازمی ہے، جبکہ جنوبی راستے کو غیر مجاز اور خطرناک قرار دیا گیا ہے۔دوسری جاب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران امریکا نے اپنی فوجی موجودگی مزید بڑھا دی ہے ۔ امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ بھی خطے میں پہنچ گیا، خلیجی اخبار کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کی آمد کو خطے میں امریکی فوجی تیاریوں میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ وہ امریکا کے حملے کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ کسی بھی ممکنہ کارروائی سے پہلے خود بھی جواب دے سکتا ہے۔ تہران کے اس بیان کے بعد خطے میں براہ راست فوجی تصادم کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔ ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی ((ئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون کے حوالے سے بھی سخت موقف اختیار کیا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایجنسی کے ساتھ تعاون میں بہتری کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ادھر بحرین میں امریکی سفارت خانے نے ایران اور یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا ہے۔ بحرین کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی جانب آنے والے ایرانی حملوں کو روک لیا گیا ہے۔خلیجی ممالک بھی خطے کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے بحرین کو نشانہ بنانے والے ایران کے نئے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

0
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x