عبدالجبار
برسلز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 38 ممالک کے جوہری تحفظ کے نگران اداروں نے خبردار کیا ہے کہ روسی حملوں کے باعث یوکرین میں جوہری حادثے کا خطرہ بڑھ رہا ہے جس کے اثرات یورپ کے دیگر ممالک تک بھی پہنچ سکتے ہیں لہذا یورپی ممالک ایسے کسی بھی ممکنہ حادثے سے نمٹنے کی تیاری شروع کر دیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس نے یوکرین کے توانائی کے نظام پر ڈرون اور میزائل حملے تیز کر دئیے ہیں۔ ان حملوں میں بجلی گھر، بجلی کی ترسیلی لائنیں اور سب اسٹیشنز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ تقریبا 5 سال سے جاری جنگ کے باعث یوکرین کا توانائی کا نظام پہلے ہی کمزور ہو چکا ہے۔38 ممالک کی نمائندگی کرنے والی 3 بین الاقوامی تنظیموں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ روس کو یوکرین کے جوہری بجلی گھروں اور ان کے محفوظ آپریشن کیلئے ضروری توانائی کے نظام پر حملے فوری طور پر بند کرنے چاہئیں۔جوہری تحفظ کے نگران اداروں کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے جوہری بجلی گھروں کے لیے ری ایکٹرز کو ٹھنڈا رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ جوہری بجلی گھر بجلی پیدا کرنا بند کر دیں تب بھی ری ایکٹرز کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے بیرونی بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔اگر یہ نظام ناکام ہو جائے تو ری ایکٹرز میں موجود جوہری مواد زیادہ گرم ہو سکتا ہے اور فضا میں تابکاری خارج ہونے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔یورپی ریڈیولوجیکل پروٹیکشن کے مجاز اداروں اور شمالی یورپی جوہری تحفظ کے اداروں کے سربراہ پر اسٹرینڈ نے رائٹرز کو بتایا کہ ایسی صورتحال میں 1986 کے چرنوبل حادثے جیسا واقعہ پیش آ سکتا ہے جس کے نتیجے میں تابکاری فضا میں پھیل گئی تھی اور یوکرین سمیت یورپ کے کئی علاقوں کو آلودہ کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ماہرین نے کسی ممکنہ حادثے کے امکانات کا تعین نہیں کیا تاہم روس کے حالیہ حملوں نے ان کی تشویش بڑھا دی ہے۔ روس اب زیادہ درست نشانہ لگانے والے ہتھیار استعمال کر رہا ہے جن میں زیادہ دھماکا خیز مواد لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے ڈرونز بھی شامل ہیں۔پر اسٹرینڈ کے مطابق بدترین صورتحال میں یوکرین کا بجلی کا پورا نظام بند ہو سکتا ہے جس سے ملک کے تمام 9 فعال جوہری ری ایکٹرز بیک وقت بجلی سے محروم ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 ری ایکٹرز سے بیک وقت تابکار مادوں کے اخراج کا خطرہ سنگین صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ روس پر دبا ڈال کر اس صورتحال کو روکا جا سکتا ہے۔ اگر حملے جاری رہے تو یورپی ممالک کو ممکنہ جوہری حادثے کے نتائج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر تیاری کرنا ہو گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین میں 4 جوہری بجلی گھر ہیں جن میں سے 3 کام کر رہے ہیں جو اس موسم سرما میں ملک کے لیے درکار تقریبا 80 فیصد بجلی فراہم کریں گے۔چوتھا جوہری بجلی گھر زاپوریزیا یورپ کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے جو روس کے قبضے میں ہے اور محاذ جنگ کے قریب واقع ہے۔ یہ اس وقت بجلی پیدا نہیں کر رہا تاہم جوہری مواد کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے اسے بیرونی بجلی کی ضرورت ہے