پاکستان اور بھارت آج ایشیا کپ کے گروپ اے کے میچ میں دبئی میں مدمقابل ہوں گے۔
دونوں ٹیمیں 6 ماہ کے دوران دوسری بار آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے قبل پاکستان اور بھارت چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں مدمقابل آئے تھے۔
حالیہ کارکردگی کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں بہترین فارم میں ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف نو وکٹوں سے فتح حاصل کی جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کی۔
ایشیا کپ میں بھارت نے اب تک 19 میچوں میں سے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان نے 6 جیتے ہیں۔ پاکستان کی بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری فتح 2022 میں آئی تھی۔
بھارت 8 بار ایشیا کپ کا چیمپئن بن چکا ہے جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز صرف 2 مرتبہ حاصل کیا ہے۔
پاک بھارت ٹاکرا پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔