پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 27 ستمبر کے پشاور جلسے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام ریجنز کے منتخب ارکان اسمبلی، تنظیمی عہدیداران، ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی شریک ہوئے۔ پیٹرن اِن چیف عمران خان کی ہدایت پر ہونے والی اس بیٹھک میں جلسہ کی کامیابی کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 27 ستمبر کا پشاور جلسہ عوامی طاقت کا مظاہرہ ہوگا۔
انہوں نے کہا:
“زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو گھروں سے نکالنا ہوگا، یہ جلسہ حکمرانوں کیلئے بڑا پیغام ثابت ہوگا۔”
وزیراعلیٰ نے کارکنان اور عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی اتحاد و اتفاق قائم رکھیں اور کسی بھی قسم کی بیرونی سازش کا شکار نہ ہوں۔
اجلاس کے دوران جلسے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ تمام ارکان اسمبلی اور تنظیمی نمائندوں کو مختلف ذمہ داریاں اور ٹاسک تفویض کر دیے گئے۔