ابوظہبی — متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بنگلہ دیش کے سفارتخانے نے ان میڈیا رپورٹس کی تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یو اے ای نے بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے ویزا پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سفارتخانے نے ایک باضابطہ بیان میں وضاحت کی کہ یہ غلط معلومات ایک غیر مصدقہ ویزا پروسیسنگ ویب سائٹ سے پھیلائی گئیں۔ بنگلہ دیشی مشن کے مطابق، یو اے ای کی حکومت یا امیگریشن حکام کی طرف سے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔
بیان میں کہا گیا: “مذکورہ ویب سائٹ کی جانب سے پھیلائی گئی معلومات درست نہیں ہیں۔ یو اے ای کی حکومت نے بنگلہ دیشی شہریوں کے لیے ویزا پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی۔”
مشکوک ویب سائٹ کی نشاندہی
سفارتخانے نے مزید بتایا کہ ویب سائٹ کے فراہم کردہ کوائف میں متعدد تضادات پائے گئے۔ ویب سائٹ پر درج پتہ دبئی کا ہے، مگر اس کا فون نمبر بھارت کا ہے، رجسٹرڈ اور تکنیکی رابطے برطانیہ سے ہیں اور رجسٹرار امریکا میں ہے۔ مزید برآں، دبئی کا دیا گیا پتہ حقیقت میں موجود ہی نہیں ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ عوامی ریویوز کے مطابق یہ کمپنی ناقابلِ اعتماد ہے اور اس پر دھوکہ دہی کے الزامات پہلے سے موجود ہیں۔
شہریوں کو انتباہ
سفارتخانے نے بنگلہ دیش اور یو اے ای میں مقیم شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایسی گمراہ کن خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کریں۔ ساتھ ہی میڈیا اداروں کو بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ غیر مصدقہ ویب سائٹس یا ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات شائع کرنے سے گریز کریں۔
