اسلام آباد۔۔۔ وفاقی کابینہ نے فرسٹ ویمن بینک کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یو اے ای حکومت کی نامزد انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی، جو شیخ طحنون بن زاید النہیان کی زیر قیادت ہے، نے بینک خرید لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فرسٹ ویمن بینک ایک کروڑ 46 لاکھ ڈالر میں فروخت کیا گیا، جس کے تحت 82.64 فیصد سرکاری شیئرز عرب اماراتی کمپنی کے حوالے کیے جائیں گے۔ فریقین کے درمیان معاہدے پر باقاعدہ دستخط آج وزیراعظم آفس میں متوقع ہیں۔
نجکاری کمیشن حکام کے مطابق فروخت کا عمل انٹر گورنمنٹ کمرشل ٹرانزیکشنز ایکٹ کے تحت مکمل کیا گیا، اور بینک کی فروخت کی قیمت ریفرنس ویلیو سے زیادہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خریدار کمپنی آئندہ پانچ سال میں 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ بینک کی موجودہ ایکویٹی 3.2 ارب روپے ہے، جب کہ مزید 6.8 ارب روپے شامل کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نئی انتظامیہ کو 10 فیصد ملازمین کی فوری چھانٹی کی اجازت دی گئی ہے، جب کہ بینک کی برانچز کو 42 سے بڑھا کر 200 کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔