بھارتی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ ایک تازہ تنازع میں گھر گئے ہیں، جہاں جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کے بارے میں ان کا غیر موزوں تبصرہ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا باعث بن گیا ہے۔
میچ کے دوران سامنے آنے والی وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہونے کے بعد بھارتی کھلاڑی ریویو پر مشورہ کر رہے تھے۔ اسی لمحے بمراہ کو باووما کے قد سے متعلق نامناسب جملہ کہتے ہوئے سنا گیا، جو بظاہر آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.1.4 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتا ہے۔
یہ آرٹیکل کھلاڑیوں کی جانب سے “توہین آمیز یا نامناسب زبان کے استعمال” سے متعلق ہے، جسے لیول 1 کا جرم تصور کیا جاتا ہے۔ ایسی خلاف ورزی کی صورت میں کھلاڑی کو:
- سرزنش،
- میچ فیس کا 50 فیصد تک جرمانہ،
- ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس
مل سکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بمراہ کو چند ہفتے پہلے پاکستان کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھی لیول ون کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ مل چکا ہے۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق، 24 ماہ میں چار ڈی میرٹ پوائنٹس مکمل ہونے پر کھلاڑی خودکار پابندی کا سامنا کرتا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ٹیسٹ یا دو محدود اوورز کے میچز سے باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے اس واقعے پر باقاعدہ کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اور اگر الزام ثابت ہوا تو بمراہ کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔