ریاض۔۔۔۔۔۔سعودی عرب اور آذربائیجان نے خیبرپختونخوا میں پیش آنیوالے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور ایسے بزدلانہ واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔بیان میں دہشتگردی کے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے بھی صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو آذربائیجان کے ہم منصب کرنل جنرل ولایت ایوازوف کا مراسلہ موصول ہوا ۔آذربائیجان کے وزیر داخلہ نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔۔