نثاراحمد
اسلام آباد۔۔۔ ملکی تجارتی خسارے میں مسلسل اضافہ،جولائی میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ پچیس فیصد سے زائد اضافے سے تین ارب پچانوے کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
ادارہ شماریات کے ملکی تجارتی اعدادوشمارکے مطابق جولائی دوہزار چھبیس میں ملکی تجارتی خسارہ بڑھ کرتین ارب پچانوے کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ اسی عرصے کے دوران درآمدی ادائیگیوں میں تقریباً اٹھارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب برآمدی آمدن میں بھی سالانہ بنیادوں پر تقریباً دس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں برآمدات نوا اعشاریہ چون فیصد اضافے کے بعد دو ارب چورانوے کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جولائی دوہزار پچیس میں برآمدات کا حجم دو ارب اڑسٹھ کروڑ ڈالر تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہانہ بنیادوں پر صورتحال میں بہتری دیکھی گئی، جہاں جون دوہزار چھبیس کے مقابلے میں جولائی کے دوران ملکی تجارتی خسارے میں پندرہ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،برآمدات جون دوہزار چھبیس کے دوارب چوبیس کروڑ ڈالر سے بڑھ کر جولائی میںدو ارب چورانوے کروڑ ڈالر ہو گئیں۔