عبدالجبار
اسلام آباد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سپر سکس مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا ویمن نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر140 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا۔سری لنکا کی جانب سے امیشا دلانی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جبکہ وشمی گونارتنے نے 30 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے امِ ہانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، طوبی حسن اور نشرا سندھو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی، قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اورابتدائی تین وکٹیں صرف 16 رنز پر گرگئیں۔پاکستان کی جانب سے عمائمہ سہیل نے 37 گیندوں پر 36 رنز بنائے جبکہ طوبی حسن نے 18 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی۔تسمیہ رباب نے آخری اوورز میں مزاحمت کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 23 رنز اسکور کیے تاہم ان کی یہ کوشش ٹیم کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔سری لنکا کی جانب سے ستیہ سندیپانی نے 3 جبکہ سوگندیکا کماری نے 2 وکٹیں حاصل کیں، امیشا دلانی کو شاندار نصف سنچری پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔