رضا ھمدانی
(اسلام آباد)پاکستان نے خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے اور پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ وہ بدھ کو چین سے روانہ ہونے والے شین ژو 24 خلائی مشن کے ذریعے چینی خلا بازوں کے ہمراہ خلا میں پہنچے۔
یہ تاریخی مشن ذیشان علی کو چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور چین کے انسانی خلائی پروگرام میں حصہ لینے والے پہلے بین الاقوامی عملے کے رکن کا اعزاز بھی دلاتا ہے۔ یہ کامیابی پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
شین ژو 24 خلائی جہاز نے 25 نومبر کو چین کے صوبے گانسو میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے پرواز کی۔ مشن میں ذیشان علی کے ساتھ چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی شامل ہیں۔
یہ مشن پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو (SUPARCO) اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ایک طویل انتخابی اور تربیتی عمل کا نتیجہ ہے۔
40 سالہ ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی سے متعلق تحقیق شامل ہے۔ توقع ہے کہ وہ تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزارنے کے بعد شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
لانچ سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان علی نے اس مشن کو پورے پاکستان کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’میں اپنے لیے خلا میں نہیں جا رہا۔ میرے کندھوں پر پاکستان کا نام ہے اور میں 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر جا رہا ہوں۔‘‘
انہوں نے اس مشن کو اختتام کے بجائے ایک نئے سفر کا آغاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چین کا تعاون مستقبل میں انفرادی خلائی پروازوں سے آگے بڑھ کر چاند اور مریخ کے مشترکہ مشنز تک پہنچے گا۔
فضائیہ کے پائلٹ سے خلا باز تک کا سفر
ذیشان علی کا خلائی سفر پاک فضائیہ میں بطور پائلٹ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر سے شروع ہوا۔ طیارے اڑانے کا تجربہ انہیں انسانی خلائی پرواز کے لیے درکار مشکل تربیت میں مددگار ثابت ہوا، کیونکہ خلا میں جانے کے لیے غیر معمولی جسمانی قوت، جدید آلات چلانے کی مہارت اور ہنگامی صورتحال میں فوری فیصلے کرنے کی صلاحیت درکار ہوتی ہے۔
اپریل 2026 میں انہیں پاک فضائیہ کے ایک اور پائلٹ، خرّم داؤد کے ساتھ چین میں خلا بازوں کی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ دونوں امیدوار سخت انتخابی مراحل سے گزرے، جن میں طبی معائنے، نفسیاتی جائزے اور جسمانی صلاحیتوں کے مختلف ٹیسٹ شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر پاکستانی پائلٹس اور سائنس دانوں میں سے تقریباً 20 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں سے حتمی امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔
بعد ازاں دونوں پائلٹس تربیت کے لیے بیجنگ میں قائم چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر پہنچے۔ تربیت اور انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد ذیشان علی کو شین ژو 24 مشن کے لیے منتخب کیا گیا، جبکہ خرّم داؤد کو ان کا متبادل خلا باز مقرر کیا گیا۔
تربیت کے دوران انہیں خلائی جہاز کے نظام، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقوں، خلائی اسٹیشن پر زندگی گزارنے اور بے وزنی کی کیفیت میں کام کرنے کی مشق کروائی گئی۔ اس کے علاوہ انہیں سینٹری فیوج ٹریننگ بھی دی گئی تاکہ راکٹ کے زمین سے روانہ ہونے اور واپس آنے کے دوران جسم پر پڑنے والے شدید دباؤ کو برداشت کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔
تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات
اس مشن کی اہمیت صرف علامتی کامیابی تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے پاکستانی سائنس دانوں کو خلا میں بے وزنی کی کیفیت کے دوران سائنسی تحقیق کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
سپارکو کے مطابق پاکستانی محققین نے اس مشن کے لیے چار سائنسی تجربات تیار کیے ہیں، جنہیں ملک بھر کی جامعات اور تحقیقی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی 300 سے زائد تجاویز میں سے منتخب کیا گیا۔
ان تجربات کا تعلق بائیو ٹیکنالوجی، جدید مٹیریلز اور مستقبل کے طویل خلائی مشنز میں زندگی برقرار رکھنے کے امکانات سے ہے۔
ایک تحقیق میں گرافین پر مبنی ہائبرڈ مرکب مواد کا جائزہ لیا جائے گا، جو خلائی جہازوں کو تابکاری سے محفوظ رکھنے کے لیے ہلکے وزن کی حفاظتی تہہ تیار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
دوسرے تجربے میں کاربن فائبر سے تیار کردہ ایسے مرکب مواد کا مطالعہ کیا جائے گا جو اپنی سطح پر پیدا ہونے والی باریک دراڑوں کی خود مرمت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی سے خلائی آلات کی پائیداری بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تیسرا تجربہ ’’کوئنووا بیونڈ ارتھ‘‘ (Quinoa Beyond Earth) کے نام سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں یہ دیکھا جائے گا کہ بے وزنی اور خلائی تابکاری کوئنووا کے بیجوں، ان کی جینیاتی خصوصیات اور غذائی معیار پر کیا اثرات مرتب کرتی ہے۔ یہ تحقیق مستقبل کے طویل خلائی مشنز کے لیے متبادل خوراک کے ذرائع تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
چوتھا تجربہ ’’گرین لائف بیونڈ ارتھ‘‘ (Green Life Beyond Earth) کہلاتا ہے، جس میں مائیکرو ایلجی اور سائنو بیکٹیریا کی افزائش کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ جاندار آکسیجن پیدا کرنے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کم کرنے اور خوراک کی تیاری میں مدد دے سکتے ہیں۔
ان تجربات سے پاکستانی محققین کو مستقبل کی خلائی تحقیق، بائیو ٹیکنالوجی اور جدید مواد کی تیاری کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
پاکستان اور چین کا خلائی تعاون
ذیشان علی کا خلا کا سفر پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا نتیجہ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون ماضی میں زیادہ تر سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، مواصلات اور سائنسی تحقیق تک محدود رہا ہے۔
فروری 2025 میں سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت دو پاکستانی امیدواروں کو چین میں خلا بازوں کی تربیت دی جانی تھی اور ان میں سے ایک کو تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر مشن میں شامل کرنا تھا۔
خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی نہیں
اگرچہ ذیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں، تاہم وہ خلا کا سفر کرنے والے پہلے پاکستانی شہری نہیں ہیں۔
یہ اعزاز پاکستانی مہم جو اور ایڈونچرر نمیرہ سلیم کے پاس ہے، جنہوں نے اکتوبر 2023 میں ورجن گیلیکٹک کے گیلیکٹک 04 تجارتی خلائی مشن کے ذریعے خلا کا مختصر سفر کیا تھا۔
تاہم ذیشان علی کا مشن نوعیت اور سائنسی اہمیت کے اعتبار سے مختلف ہے۔ وہ زمین کے مدار میں پہنچنے، خلائی اسٹیشن پر قیام کرنے اور کسی سرکاری انسانی خلائی پروگرام میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی ہیں۔