اسلام آباد: دنیا بھر میں سرچ انجنز کے استعمال کا رجحان تیزی سے بدل رہا ہے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق صارفین بڑی تعداد میں روایتی سرچ انجن گوگل کے بجائے چیٹ جی بی ٹی جیسے جدید اے آئی چیٹ ماڈلز کو ترجیح دے رہے ہیں۔
ٹیک ماہرین کے مطابق، چیٹ جی بی ٹی اے آئی کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ اس کا براہِ راست اور ذاتی نوعیت کا جواب فراہم کرنا ہے، جو صارفین کو صرف ویب لنکس دینے کے بجائے جامع اور فوری معلومات مہیا کرتا ہے۔ صارفین اب خبریں، تحقیق، تعلیمی مدد اور روزمرہ سوالات کے لیے بڑھ چڑھ کر اے آئی چیٹ ماڈلز پر انحصار کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق، 2024 کے آخر میں آن لائن صارفین میں سے 30 فیصد نے روزانہ کی تلاش کے لیے گوگل کی بجائے چیٹ جی بی ٹی کا استعمال شروع کر دیا تھا۔ 2025 کے وسط تک یہ شرح مزید بڑھ کر 45 فیصد تک پہنچ گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو آنے والے چند برسوں میں گوگل اپنی “مارکیٹ مونوپولی” کھو سکتا ہے۔
اگرچہ گوگل نے بھی اپنے اے آئی ٹولز متعارف کرائے ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین چیٹ جی بی ٹی کو زیادہ دوستانہ، تیز اور صارف پر مبنی سمجھتے ہیں۔
ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تبدیلی صرف سرچ انجن مارکیٹ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ آن لائن اشتہارات، ای-کامرس اور ڈیجیٹل تعلیم کے شعبوں پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔