اسلام آباد ۔۔۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے باکو سے منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی اور اس کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے کابینہ کے ارکان کا خیر مقدم کیا اور اتحادی جماعتوں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ قانون و انصاف نے میڈیا کو آئینی ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط بنانے اور قومی مفاد میں اس آئینی ترمیم پر تمام جماعتوں نے مل کر کام کیا، جس پر وزارتِ قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم تحسین کی مستحق ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بھی اعتماد میں لیا، جبکہ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالد حسین مگسی، چوہدری سالک حسین، ایمل ولی خان اور اعجاز الحق سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی مشاورت کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ترقی کی سمت درست ہو چکی ہے، اور ملک کی خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔