واشنگٹن۔۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے دوحہ پر 9 ستمبر کو ہونے والے اسرائیلی حملے پر معافی مانگ لی ہے۔
اسرائیلی چینل 12 کے مطابق نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس سے جہاں وہ اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کیلئے موجود ہیں، قطری وزیراعظم سے کئی منٹ فون پر گفتگو کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور حملے میں ایک قطری سیکیورٹی اہلکار کے مارے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی یہ معافی موجودہ کوششوں میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، جن کا مقصد غزہ جنگ کے خاتمے اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاہدے کو حتمی شکل دینا ہے۔