واشنگٹن۔۔۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایک موقع پر جوہری جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے، تاہم امریکی ثالثی سے بڑے پیمانے پر تباہی ٹل گئی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کے سات طیارے گرائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت دونوں ممالک کے درمیان صورتحال نہایت سنگین تھی اور دنیا کو ایک ممکنہ جوہری جنگ کا خطرہ لاحق تھا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ان سے ملاقات میں کہا کہ اُن کی مداخلت سے “لاکھوں جانیں بچ گئیں”۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ اب تک آٹھ بڑی جنگیں رکوا چکے ہیں اور عالمی امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی جنگ جاری ہے، تاہم امید ہے کہ یہ معاملات جلد بہتر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت روس سے تیل خرید رہا تھا، جس پر امریکہ کو تشویش تھی، لیکن اب یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے اور بھارت روس سے تیل نہیں خریدے گا۔
صدر ٹرمپ نے یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ روس اور یوکرین کی جنگ کا بھی جلد خاتمہ ہو تاکہ دنیا میں امن و استحکام قائم ہو سکے۔