کیا ٹماٹر کی اونچی اڑان میں کمی آئے گی؟

سیلاب اور طوفانی بارشوں سے کھڑی فصلوں کی تباہی اور رستوں کی بندش کے باعث ملک میں سبزیوں اور پھلوں کی ترسیل شدید متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں گزشتہ دو ہفتوں سے تقریباً تمام سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ ہفتے پاکستان کا سینسٹو پرائس انڈیکس (SPI) پچھلے برس کی نسبت 5.03 فیصد بڑھا، اور اس اضافے میں سب سے زیادہ حصہ ٹماٹر نے ڈالا۔

مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق سیلاب کے باعث سبزیوں کی آمد پچاس فیصد تک کم ہو گئی، تاہم سب سے زیادہ کمی ٹماٹر کی آمد میں ریکارڈ ہوئی۔ اس کمی کے باعث ٹماٹر کی قیمت ایک وقت میں 400 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر گئی، جو اس سے پہلے تقریباً 100 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا۔ اب مارکیٹ میں کچھ استحکام آیا ہے اور آج لاہور کی منڈی میں ٹماٹر کی زیادہ سے زیادہ قیمت 160 روپے فی کلو تک دیکھی گئی۔

ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کی وجہ صرف سیلاب سے فصل کو پہنچنے والا نقصان یا رستوں کی بندش نہیں تھی بلکہ اس کا بڑا سبب افغانستان سے درآمد ہونے والے ٹماٹر کے سیکڑوں کنٹینرز کی کسٹم کلیئرنس میں تاخیر بھی رہا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک معاہدے کے تحت چار چار اشیائے صرف کی درآمد اور برآمد پر ڈیوٹی 60 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کر دی گئی تھی۔ اس معاہدے کے تحت افغانستان سے ٹماٹر، انار، انگور اور سیب پاکستان میں درآمد ہوتے ہیں جبکہ پاکستان سے آلو، آم، کینو اور کیلا افغانستان کو برآمد کیے جاتے ہیں۔ تاہم پاکستانی کسان اور تاجر اس معاہدے سے زیادہ فائدہ نہیں اٹھا سکے کیونکہ پاکستانی آلو کو افغانستان اور ایران کی سستی فصل سے سخت مقابلے کا سامنا رہا۔ اس کے برعکس افغانستان سے ٹماٹر، انگور اور سیب کی درآمد نے پاکستانی منڈیوں میں ان اجناس کی دستیابی کو یقینی بنایا۔

تاہم عین سیلاب کے دنوں میں چمن اور طورخم پر کسٹم کلیئرنس میں تاخیر کے باعث اندرونی اور درآمدی دونوں ذرائع سے ٹماٹر کی ترسیل رک گئی، جس سے قیمتیں بے تحاشا بڑھ گئیں۔ اب جبکہ خیبر پختونخوا میں رستے کھل چکے ہیں، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر کی معقول پیداوار سامنے آئی ہے، درآمدی ٹماٹر کی کلیئرنس کے مسائل کم یا ختم ہو گئے ہیں اور اگلے چند ہفتوں میں سندھ کی اگیتی فصل بھی مارکیٹ میں آنے کی توقع ہے، تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹماٹر کی خوردہ قیمتوں میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔

16
Show Comments (0) Hide Comments (0)
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
0
Would love your thoughts, please comment.x
()
x