نثار احمد
سیئول۔۔۔۔۔۔۔۔جنوبی کوریا کے میڈیا نے دعوی کیا ہیکہ حکومت آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ کے لیے فوجی سازوسامان اور اہلکار تعینات کرنے کی تیاری کر رہی ہے، اور اس مشن کو رواں سال کے اختتام سے پہلے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جنوبی کوریائی میڈیا نے سرکاری اور فوجی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ سیئول اس تعیناتی کیلئے پارلیمانی منظوری حاصل کرنے کی خاطر ضروری قانونی مراحل طے کر رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، حکومت کابینہ میں اس منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد اسی ماہ پارلیمان سے منظوری حاصل کرنے کے لیے باضابطہ درخواست پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔جنوبی کوریا کی ممکنہ فوجی تعیناتی ایسے وقت میں زیرِ غور ہے جب آبنائے ہرمز میں سلامتی کی صورتحال کشیدہ ہے اور حالیہ ہفتوں کے دوران تجارتی جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی وجہ سے متعدد ممالک اس اہم آبی گذرگاہ میں بحری سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے کردار کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔تاہم، جنوبی کوریا کی حکومت کے عہدیداروں نے اب تک ان رپورٹس پر کوئی باضابطہ ردِعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔